اسحاق ڈار کا بنگلا دیش ہائی کمیشن کا دورہ، بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر تعزیت
دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان بنگلا دیش کی عوام اور مرحومہ کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑا ہے، نائب وزیر اعظم
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں بنگلا دیش کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنگلا دیش کی قائم مقام ہائی کمشنر سے سابق وزیر اعظم بیگم خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیا کے انتقال کی خبر سن کر انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔
انہوں نے مرحومہ کی سیاسی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان بنگلا دیش کی عوام اور مرحومہ کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے اپنے گزشتہ دورۂ بنگلا دیش کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اگست 2025 میں بنگلا دیش کا دورہ کیا، جو کسی بھی پاکستانی وفاقی وزیر کا 12 برس بعد پہلا دورہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران بی این پی کے وفد سے بھی ملاقات ہوئی۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ بیگم خالدہ ضیا نے شدید علالت کے باوجود انہیں اپنے گھر ملاقات کے لیے مدعو کیا، جہاں مرحومہ نے نہایت شفقت اور خلوص کے جذبات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بیگم خالدہ ضیا اور ان کی جماعت کے ساتھ ان کے ہمیشہ اچھے اور احترام پر مبنی تعلقات رہے ہیں۔
نائب وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ رشتہ ہے جو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی ہے۔
اس موقع پر بنگلا دیش کی قائم مقام ہائی کمشنر نے تعزیت اور ہمدردی کے اظہار پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے جذبۂ خیرسگالی کو سراہا۔
