محمد رضوان کپتانی سے فارغ، شاہین شاہ آفریدی ون ڈے ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد رضوان کو کپتانی سے فارغ کر کے ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج اعلان کیا کہ شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر اب جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، جو 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

شاہین شاہ آفریدی کی تقرری کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان شریک ہوئے۔

25 سالہ فاسٹ باؤلر اب تک پاکستان کی جانب سے 66 ون ڈے اور 92 ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 32 ٹیسٹ میچوں میں شاہین نے 120 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

شاہین آفریدی اس سے قبل 2024 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر پانچ ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ ہیڈکوچ مائیک ہیسن اور سلیکشن کمیٹی سے اختلافات محمد رضوان کی برطرفی کی وجہ بنے، محمد رضوان اسکواڈ سلیکشن میں مزید اختیارات چاہتے تھے۔

ذرائع کے مطابق محمد رضوان اور ہیڈکوچ اور سلیکٹرز کے درمیان ون ڈے اسکواڈ پر اختلاف رائے موجود تھا، ہیڈکوچ مائیسک ہیسن نے رضوان کو ہٹانے کے لیے براہ راست پی سی بی کو رابطہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مائیک ہیسن کی تجویز سے سلیکشن کمیٹی نے اتفاق کیا اور محمد رضوان کو ہٹادیا گیا، محمد رضوان کی ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا۔

قبل ازیں، ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ پی سی بی میں ون ڈے ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مائیک ہسین کی تجویز پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے کپتان محمد رضوان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے اہم اجلاس بلایا۔

پی سی بی نے قومی ٹیم کے سابق کپتانوں مصباح الحق اور سرفراز احمد کو بھی مشاورت کے لیے بلالیا۔

قومی ون ڈے کپتان محمد رضوان کی قسمت کا فیصلہ اسلام آباد میں پی سی بی کے اجلاس میں ہوگا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ نئے ون ڈے کپتان کے لیے شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا کے نام زیر غور ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کپتان کی دوڑ میں فرنٹ رنر ہیں۔

ذرائع کے مطابق 2027 ورلڈ کپ کے پیش نظر ہیڈکوچ نئے کپتان کی تقرری چاہتے ہیں جس کے بعد محمد رضوان کی کپتانی خطرے میں ہے ان کی جگہ شاہین آفریدی کو کپتان بنانے پر غور کیا جارہا ہے۔

یہ پیش رفت بظاہر اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ محمد رضوان کو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹایا جارہا ہے، حالانکہ وکٹ کیپر بیٹر نے گزشتہ برس آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیم کو فتوحات دلائی ہیں۔

تاہم، محمد رضوان کی رواں برس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، پاکستان گروپ مرحلے سے ہی ایونٹ سے باہر ہو گیا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی بدترین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد رضوان نے آخری مرتبہ اگست 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی، جہاں کیریبین ٹیم نے 1991 کے بعد پہلی بار پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

اسی دوران وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو خاموشی سے ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے ہٹا کر سلمان علی آغا کو نیا کپتان مقرر کر دیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے