وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس،کراچی میں اہم ملاقات کی، دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سابق وزیرخارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی کو ملک کی داخلی سلامتی اور قیام امن کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ اتحاد اور اتفاق سے ہی کیا جا سکتا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کے داخلی استحکام کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو داخلی سیکیورٹی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جس پر چیئرمین پیپلزپارٹی نے اطمینان کا اظہار کیا۔
