تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز کمی واقع ہوئی ہے، فی تولہ قیمت 4 لاکھ 44 ہزار 900 روپے کی سطح پر آگئی۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ پیر کو 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت میں 1400 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 4 لاکھ 44 ہزار 900 روپے ہوگئی، جو گزشتہ کاروباری روز 4 لاکھ 46 ہزار 300 روپے تھی۔
اسی طرح 24 قیراط کا 10 گرام سونا 1200 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 81 ہزار 430 روپے کا ہوگیا، جو پہلے 3 لاکھ 82 ہزار 630 روپے میں فروخت ہو رہا تھا، جبکہ 22 قیراط کا 10 گرام سونا 1100 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 49 ہزار 656 روپے سے 3 لاکھ 50 ہزار 756 روپے پر آگیا۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت 17 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 235 ڈالر فی اونس رہی، جو گزشتہ روز 4 ہزار 252 ڈالر تھی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 12 روپے کم ہو کر 5 ہزار 261 روپے ہو گئی، جو پہلے 5 ہزار 273 روپے تھی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 10 روپے گھٹ کر 4 ہزار 510 روپے سے 4 ہزار 520 روپے ہوگئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت بھی 0.26 ڈالر کمی کے بعد 51.60 ڈالر فی اونس رہی۔
