سوشل میڈیا انفلوئنسر نبیحہ علی خان نے ٹرانس جینڈر ڈانسر مہک ملک کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں عاجز بندی قرار دے دیا۔
نبیحہ علی خان کے پرانے پوڈکاسٹ کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس میں وہ مختلف معاملات پر بات کرنے سمیت مہک ملک کے اچھے کردار پر بھی گفتگو کرتی دکھائی دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی کوئی غلط کام کرنے والے شخص کو غلط نہیں کہتیں، کیوں کہ وہ ان کا مسئلہ نہیں، غلط کام کرنے والے اور خدا کا آپس کا معاملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دوسرے مسائل کے بجائے لوگوں سے ان کی خیریت دریافت کرنی چاہیے، ان سے مسائل پوچھنے چاہیے، ان سے احسن طریقے سے گفتگو کی جانی چاہیے۔
ان کے مطابق ہم لوگوں سے ان کے مسائل پوچھنے کے بجائے انہیں تکلیف پہنچانے والے سوالات کرتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ آپ کی شادی کیوں نہیں ہوئی؟ آپ مرد سے عورت کیوں بنیں؟
ان کا کہنا تھا کہ کسی کا کسی معاملات میں دخل اندازی کا کوئی حق نہیں بنتا، وہ خدا کا اور ان کا مسئلہ ہے، ہمیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے۔
نبیحہ علی خان نے کہا کہ انہوں نے سنا تھا کہ ایک دور آئے گا جب اللہ کے ولی بہت ماڈرن لباس میں ہوں گے اور وہ تبلیغ میں مصروف ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ اب وہ دور آ چکا ہے جب کسی کی چلتے، پھرتے اللہ کے کسی ولی سے ملاقات ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق آج کل کے دور میں ممکن ہے کہ کہیں نہ کہیں، کوئی نہ کوئی شخص ایسا مل جائے، جس کی زبان میں تاثیر ہو، جو دوسروں کی مدد کرتا ہو۔
نبیحہ علی خان کا کہنا تھا کہ ان کی عادت ہے کہ وہ کسی نہ کسی میں اچھی چیز تلاش کر لیتی ہیں، وہ لوگوں کی منفی باتوں پر توجہ نہیں دیتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ٹرانس جینڈر ڈانسر مہک ملک کو عاجز بندی پایا، وہ نرم دل اور خوش مزاج ہیں، ان کی وجہ سے کئی گھروں کے معاملات چل رہے ہیں۔
ان کے مطابق انہیں مہلک ملک کے کام سے کوئی غرض نہیں لیکن ان کی اچھائی کی وجہ سے بہت سارے گھر آباد ہیں اور وہ ان کا اچھا کام ہے۔
