مردان: سی ٹی ڈی اور پولیس کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، انہتائی مطلوب 2 دہشتگرد ہلاک

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخوا اور ڈسٹرکٹ پولیس صوابی نے پولیس اہلکاروں پر حملوں سمیت دہشتگردی کے دیگر واقعات میں ملوث انتہائی مطلوب 2 دہشت گرد کو ہلاک کر دیا ہے۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق اجمیر شاہ پہاڑ شادو ڈھیرے کے علاقے میں انٹیلیجنس آپریشن کے دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار فتنۃ الخوارج کے 4 دہشتگردوں نے پولیس پارٹی اور سی ٹی ڈی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 2 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر 2 دہشت گرد، رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کر دیا گیا۔

سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ پولیس اور دہشتگردوں کے مابین فائرنگ کا سلسلہ تقریبا 35 منٹ جاری رہا، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کے دوران معلوم ہوا کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) طیب اکبر گروپ سے ہے اور وہ پولیس پر حملوں سمیت دہشتگردی کے دیگر واقعات میں انتہائی مطلوب تھے۔

مزید بتایا گیا کہ ہلاک دہشتگردوں میں سے ایک کی شناخت نعمان عرف مانے کے نام سے ہوئی، مارا گیا دہشت گرد کانسٹیبل جمال الدین اور ڈرائیور کانسٹیبل زاہد کو شہید کرنے سمیت قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دہشتگردی کے دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔

فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والا دوسرا دہشت گرد، عبد الباسط بھی دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث اور تھانہ سی ٹی ڈی مردان کو مطلوب تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق جوابی کارروائی میں مارے جانے والے دہشت گردوں سے ایک عدد کلاشنکوف، پستول، 6 میگزین، 23 راؤنڈز، 2ہینڈ گرینیڈ، 2موبائل فونز اور کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔

فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور سی ٹی ڈی کی اضافی نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے