آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹس لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر بن گئے، انھوں نے وسیم اکرم کی 414 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔
تاریخی ایشنز سریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ بریسبن میں جاری ہے، جہاں مچل اسٹارک نے ایک بار پھر اپنی باؤلنگ سے حریف ٹیم کو سخت دباؤ میں ڈال دیا ہے، لیفٹ آرم باؤلر نے نہ صرف پہلی اننگز میں 71 رنز کے عوض 6 وکٹیں اپنے نام کر لی ہیں بلکہ تیسری وکٹ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے لیجنڈری باؤلر وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑ کر اپنے نام کر لیا ہے۔
میچل اسٹارک نے ہیری بروک کو 31 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد ٹیسٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ باؤلر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
واضح رہے کہ سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے 104 ٹیسٹ میچز میں 414 ٹیسٹ وکٹیں اپنے نام کیں تھیں جب کہ مچل اسٹارک نے 101 ٹیسٹ میچز میں اس ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔
بائیں ہاتھ سے فاسٹ باؤلنگ کرنے والے دیگر باؤلرز میں چمندا واس 355 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ٹرینٹ بولٹ 317 کے ساتھ چوتھے جب کہ مچل جانسن 313 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔
