ویمنز ورلڈ کپ کے 20ویں میچ میں انگلینڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 4 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اندور میں کھیلےگئے میچ میں بھارتی ٹیم انگلینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 284 رنز ہی بنا سکی، بھارتی بیٹرز آخری اوور میں درکار 14 رنز بنانے میں ناکام رہیں۔
ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ جلد گرنے کے باوجود بھارتی بیٹرز نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، سمرتی مندھانا نے شاندار 88 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ہرمن پریت کور نے 70 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے نزدیک پہنچایا، دپیتی شرما 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
ہدف کے قریب پہنچنے کے باوجود یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے بھارتی ٹیم پریشر میں آگئی اور مقررہ 50 اوورز میں 284 ہی بنا سکی۔
انگلش کپتان نیٹ سیور برنٹ نے 2 جبکہ دیگر 4 باؤلرز نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، ہیتھر نائٹ نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 109 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 15 چوکے اور ایک چھکا بھی لگایا۔
ایمی جونز 56 اور کپتان نیٹ سیور برنٹ 38 رنز بنا کر نمایاں رہیں، بھارت کی جانب سے دپیتی شرما نے 51 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
