شوکت خانم میموریل ٹرسٹ (ایس کے ایم ٹی) کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی رپورٹس اور عطیات نہ پہنچنے کی شکایات سامنے آنے کے بعد ادارے نے وضاحت کی ہے کہ اس کے بیشتر بینک اکاؤنٹس مکمل طور پر فعال ہیں۔
ٹرسٹ کے بینک اکاؤنٹس مبینہ طور پر بند کیے جانے کا معاملہ سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر زیرِ بحث رہا اور کچھ لوگوں نے اس سے مریضوں کے متاثر ہونے پر اپنے تشویش کا بھی اظہار کیا۔
تاہم ایس کے ایم ٹی نے عطیہ دہندگان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ بینک اکاؤنٹس کو بحال کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور مریضوں کو ادویات کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم اپنے عطیہ دہندگان اور حمایتیوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ہمارے بینک اکاؤنٹس کی بھاری اکثریت مکمل طور پر فعال ہے اور ہمیں عطیات بغیر کسی رکاوٹ کے وصول ہو رہے ہیں۔
ہمارے چند اکاؤنٹس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور ہم انہیں جلد از جلد ختم کرانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، ہمیں توقع ہے کہ یہ پابندیاں جلد ہٹا دی جائیں گی۔
ٹرسٹ نے مزید تصدیق کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کی تمام خدمات بلا تعطل جاری ہیں۔
