بلوچستان میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیاں کرنے والا فتنۃ الہندوستان کا انتہائی مطلوب دہشتگرد سرغنہ جمیل عرف ٹیٹک مارا گیا۔
پاکستان ٹیلی ویژن نیوز (پی ٹی وی) نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ فتنۃ الہندوستان کے سرغنہ جمیل عرف ٹیٹک کی ہلاکت کی مصدقہ اطلاعات ہیں، دہشتگرد جمیل دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد جمیل ضلع پنجگور کا رہائشی اور پنجگور اوربلیدہ سمیت متعدد علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھا۔
مزید کہا گیا کہ فتنۃ الہندوستان کا دہشت گرد جمیل عرف ٹیٹک 2022 میں پنجگور ہیڈکوارٹر پر حملے سمیت کئی کارروائیاں میں بھی ملوث رہا ہے۔
اس سے قبل، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں بغاوت کو مسترد کرتے ہوئے ’بھارت کے حمایت یافتہ نام نہاد علیحدگی پسند تحریکوں‘ کو سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کوئی بغاوت نہیں بلکہ نام نہاد علیحدگی پسند تحریکیں سرگرم ہیں، ان ریاست مخالف عناصر کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا اور تقسیم کرنا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے کی اصل ذمہ دار ہے۔
