معروف اداکارہ میرا نے بھارتی میڈیا میں لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے چل بسنے کی جھوٹی خبر کو سچ سمجھ کر بولی وڈ اداکار کے انتقال پر اظہار افسوس کردیا۔
بھارتی میڈیا نے 10 نومبر کو خبر دی تھی کہ دھرمیندر دوران علاج 89 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارت کے متعدد معروف اخباروں کی ویب سائٹس سمیت ٹی وی چینلز نے خبریں دیں کہ دھرمیندر دوران علاج چل بسے، جس پر اداکار کے اہل خانہ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے زندہ ہونے کا بتایا۔
دھرمیندر کی اہلیہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشا دیول نے سوشل میڈیا پوسٹس میں دھرمیندر کے زندہ ہونے کا بتاتے ہوئے میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا۔
بھارتی میڈیا میں شائع دھرمیندر کی موت کی جھوٹی خبروں کو پاکستانی اداکارہ میرا نے سچ سمجھ کر اداکار کی موت پر اظہار افسوس کی پوسٹ شیئر بھی کر ڈالی۔
اداکارہ میرا نے انسٹاگرام پوسٹ میں دھرمیندر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے چل بسنے پر اظہار افسوس کیا۔
میرا نے لکھا کہ دھرمیندر کو ’آئیکونک مین’ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کے اچانک انتقال پر انہیں بہت افسوس ہوا۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ لیجنڈری اداکار نے 6 دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنی طاقتور پرفارمنسز سے ناظرین کو محظوظ کرتے رہے، ان کے متعدد کردار آج تک لوگوں کو یاد ہیں۔
میرا نے لکھا کہ دھرمیندر نے’شعلے، چپکے چپکے، پھول اور پتھر میں جیسی فلموں میں شاندار کردار ادا کیے، ان کے کرداروں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
میرا نے اپنی پوسٹ میں دھرمیندر کے لیے مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔
میرا کی جانب سے دھرمیندر کی موت پر اظہار افسوس کی پوسٹ پر اداکار یاسر حسن اور مصدق ملک سمیت دیگر شخصیات نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ بھارتی اداکار زندہ ہیں۔
باقی سوشل میڈیا صارفین نے بھی میرا کی پوسٹ پر کمنٹ کیے کہ دھرمیندر ابھی زندہ ہیں لیکن اس باوجود میرا کی پوسٹ 11 گھنٹے گزر جانے کے باوجود ڈیلیٹ یا ایڈٹ نہیں کی گئی۔
