آسٹریلیا کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے بھارتی بلے باز شریاس آئیر کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا، تاہم انہیں مکمل فٹ ہونے تک بھارت پروز کرنے سے روک دیا گیا۔
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں میچ کے دوران کیچ پکڑتے وقت تلی (اسپلین) پر چوٹ لگنے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج شریاس آئیر کو ڈسچارج کردیا گیا۔
بھارتی کھلاڑی کی انجری سنگین نوعیت کی ہوگئی تھی جس کے باعث انہیں سڈنی کے ہسپتال میں آئی سی یو ایل میں داخل کیا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گیند لگنے سے ممکنہ طور پر شریاس آئیر کی تلی (اسپلین) پھٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں ان کا اندرونی خون بہنے لگا تھا۔
ذرائع کے مطابق گراؤنڈ میں گرنے کے فوراً بعد ان کے جسم کے ’وائٹلز‘ خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے جس کے باعث انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طور پر ان کی بچنے کے امکانات انتہائی محدود بتائے گئے تھے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شریاس آئیرکی طبیعت اب مستحکم ہے اور ان کی صحت میں بہتری آ رہی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا کا کہنا تھا کہ انجری کی فوری طور پر نشاندہی کر لی گئی تھی اور ایک معمولی سرجری کے ذریعے خون کو روک دیا گیا تھا، بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم، سڈنی اور بھارت کے ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ، ان کی صحتیابی پر مطمئن ہے، اور آج انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شریاس آئیر سڈنی میں ہی اپنی فالو اَپ مشاورت کے لیے قیام کریں گے اور جب وہ پرواز کے لیے موزوں قرار پائیں گے تو بھارت واپس آئیں گے۔
30 سالہ شریاس آئیر کو بائیں پسلیوں کے نچلے حصے پر چوٹ اُس وقت لگی جب انہوں نے آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری کا شاندار کیچ پکڑا تھا، جو بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ایک فیصلہ کن لمحہ تھا۔
