جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بنگلہ دیشی آرمی چیف سے ملاقات، دفاعی تعاون میں مثبت پیش رفت پر اظہارِ اطمینان

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا اور بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کی ’مثبت پیش رفت‘ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ برس اگست میں عوامی تحریک کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اسلام آباد اور ڈھاکا کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، تجارت اور دوطرفہ روابط میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل شمشاد مرزا نے بنگلہ دیش کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقار الزمان سے آرمی ہیڈکوارٹرز ڈھاکہ میں ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعاون میں مثبت پیش رفت کی تعریف کی اور عسکری قیادت کے مختلف سطحوں پر باقاعدہ دوروں کے تسلسل پر اتفاق کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں معزز شخصیات نے عالمی اور علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

بات چیت میں مختلف شعبے زیرِ غور آئے، جن میں تربیت، مشترکہ فوجی مشقیں اور انسدادِ دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے شامل تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے مختلف پلیٹ فارمز پر پھیلائی جانے والی گمراہ کن اور تقسیم پیدا کرنے والی غلط معلومات کے ابھرتے ہوئے خطرات کو مشترکہ چیلنج کے طور پر تسلیم کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ایسے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے تعاون اور مشترکہ اقدامات کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔

بنگلہ دیش کے سرکاری دورے پر موجود چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل شمشاد مرزا نے 27 اکتوبر کو بنگلہ دیشی فضائیہ و بحریہ کے سربراہان سے ملاقاتیں کی تھیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سلامتی تعاون کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیف ایڈوائزر محمد یونس، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد نذمول حسن، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان اور آرمڈ فورسز ڈویژن کے پرنسپل اسٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم کمرال حسن سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے