جنوری کے آخری 15 دنوں میں موسم کیسا رہے گا؟ این ڈی ایم اے نے خبردار کر دیا

جنوری کے آخری 15 دنوں میں موسم کیسا رہے گا؟ این ڈی ایم اے نے خبردار کر دیا

مغربی ہواؤں کے اثر سے خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے

ملک بھر میں سردی ایک بار پھر شدت اختیار کرنے جا رہی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق جنوری کے آخری 15 دنوں میں سردی کی شدت میں معمول کے مطابق اضافہ متوقع ہے، جبکہ برفباری کا امکان صرف پہاڑی علاقوں تک محدود رہے گا۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 18 جنوری سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

مغربی ہواؤں کے اثر سے خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق مغربی ہواؤں کے باعث مغربی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ اگلے تین سے چار روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ اسی دوران سردی کی شدت میں بھی معمول کے مطابق اضافہ متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے ساتھ ساتھ دھند کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید برآں، جنوب کی جانب بڑھنے والی سائبیرین ہواؤں کے باعث درجۂ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے، جبکہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے