ملک میں فسادات کے پس پردہ امریکا اور اسرائیل ہیں، ایرانی صدر
امریکا کو وینزویلا، غزہ اور دیگر ممالک میں کیے گئے اقدامات پر شرم آنی چاہیے، صدر مسعود پزشکیان
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے واضح الفاظ میں الزام عائد کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل اپنے مذموم مقاصد کے لیے ایران میں افراتفری اور فساد پھیلا رہے ہیں۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوامی سکون کے لیے ایرانی شہریوں کو چاہیے کہ وہ فسادیوں اور دہشت گردوں سے دور رہیں اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دیں۔
صدر نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت انصاف قائم کرنے اور عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کوئی غیر ملکی طاقت ایران میں انتشار کا بیج نہ بو سکے، اور ایرانی عوام کو متحد ہو کر ملک کی حفاظت کرنی چاہیے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ حکومت بدعنوانی کی جڑوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے اور تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ نہ تو بےامنی پھیلائیں اور نہ کسی دوسرے انسان کو نقصان پہنچائیں۔
انہوں نے امریکی صدر پر بھی تنقید کی، اور کہا کہ امریکا کو وینزویلا، غزہ اور دیگر ممالک میں کیے گئے اقدامات پر شرم آنی چاہیے۔
ایرانی سفارتخانے نے صدر کے خطاب کے نکات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے اور تمام طبقہ ہائے فکر فسادات کے خلاف کھڑے ہوں۔
واضح رہے کہ ایران میں احتجاجی مظاہرے 14ویں روز میں داخل ہو چکے ہیں، اور ایرانی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق دو ہفتے سے جاری مظاہروں میں اب تک 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
