بانی پی ٹی آئی کی بہن کا بھارتی میڈیا کو انٹرویو تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا، خواجہ آصف
پاکستان اور فوج کے خلاف بیانات کی پی ٹی آئی نے کبھی مذمت نہیں کی، وزیر دفاع
بانی پی ٹی آئی کی بہن کا بھارتی میڈیا کو انٹرویو تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سیاستدانوں سے بات کرنے سے انکار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے پر اصرار کرتے ہیں۔ ان کاکہناتھاکہ پاکستان اور فوج کے خلاف بیانات کی پی ٹی آئی نے کبھی مذمت نہیں کی۔
خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو دل سے نہیں اپنایا۔ ان کا کہناتھاکہ پاکستان تحریک انصاف دہشت گردی کے خلاف جنگ کی کھلی مخالفت کرتی ہے۔
وزیردفاع نے کہاکہ پی ٹی آئی کے برعکس ہم نے اور پی پی پی نے 9 مئی نہیں کیا۔ خواجہ آصف نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے لیڈر کو پھانسی دی گئی اس کے باوجود انہوں نے 9 مئی جیسا واقعہ نہیں کیا۔
ان کا کہناتھاکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا پیپلز پارٹی نے تو کبھی بھارت کو آواز نہیں دی۔ خواجہ آصف نوازشریف کو قید کیا گیا ان کو 3 بار ہٹایا گیا لیکن کبھی ریڈ لائن کراس نہیں کی۔
ہم نے تنقید کی مگر سرخ لکیر کبھی عبور نہیں کی، وزیردفاع
وزیردفاع نے کہاکہ فوج پر ہم نے بھی تنقید کی مگر کبھی سرخ لکیر عبور نہیں کی، انڈیا کو انٹرویو نہیں دیا۔ خواجہ آصف کا کہناتھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کیا بات کریں گے جب ان کی اپنی پارٹی مخالفانہ بیان دے رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی جو کر رہی ہے اس کے بعد اسے یہی زبان سننے کو ملے گی۔ خواجہ آصف کا کہناتھاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے کسی رہنما کی پاکستان مخالف بات پر ایک بار بھی مذمت نہیں کی۔ خواجہ آصف نے کہاکہ پی ٹی آئی کے لوگ طالبان کو بھتہ دیتے ہیں۔
ان کا کہناتھاکہ سوشل میڈیا پر سب کچھ پی ٹی آئی کی مرضی سے ہو رہا ہے۔
