بھارت میں فضائی سفر کا بحران، ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے

بھارت میں فضائی سفر جمعے کو مسلسل چوتھے روز بھی شدید خلل کا شکار رہا، اس دوران انڈیگو نے اپنی تقریبا 500 پروازیں منسوخ کر دیں، جن میں نئی دہلی سے جانے والی تمام پروازیں بھی شامل تھیں، جس کے بعد حکومت نے ملک کی سب سے بڑی ایئرلائن کے لیے خصوصی ریلیف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فضائی سفر کے حفاظتی معیار کو بہتر بنانے کی کوشش میں بھارتی حکام نے پائلٹس کے پرواز کے اوقات کو محدود کرنے اور رات کے وقت آپریشن پر سخت پابندیاں عائد کرنے کے لیے نئے سخت ضوابط متعارف کرائے ہیں۔

تاہم انڈیگو نے اعتراف کیا کہ وہ ان ضوابط کے یکم نومبر سے نفاذ کی مقررہ تاریخ سے پہلے مناسب منصوبہ بندی کرنے میں ناکام رہا اور چونکہ فضائی سفر دسمبر میں اپنے عروج کے قریب ہے اس لیے رواں ہفتے وسیع پیمانے پر پروازوں کی منسوخی ناگزیر ہوگئی ہے جس کے باعث ہزاروں مسافر پھنس گئے۔

دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں ڈومیسٹک فضائی سفر کا تقریبا 60 فیصد کور کرنے والی ایئر لائن انڈیگو نے اپنے صارفین سے معذرت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ چند دنوں میں ہمیں سنگین آپریشنل بحران کا سامنا رہا اگرچہ یہ مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہوگا تاہم ہم یقین دلاتے ہیں کہ اس دوران ہم اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ آپ کی مدد کریں گے۔

انڈیگو کی درخواست پر بھارتی سول ایوی ایشن حکام نے جمعہ کو ایئرلائن کو کچھ نئے قواعد سے عارضی استثنیٰ دے دیا تاکہ وہ بحران سے نمٹ سکے۔

انڈیگو نے پہلے ہی نشاندہی کی تھی کہ وہ 10 فروری تک مکمل آپریشن بحال ہونے کی توقع نہیں رکھتا، تاہم جمعے کو ایئرلائن نے کہا کہ ہفتے سے بتدریج بہتری دیکھنے کو ملے گی۔

بھارت کی دیگر بڑی ایئرلائنز، بشمول ایئر انڈیا اور اکاسا کو نئے قواعد کی وجہ سے پروازیں منسوخ نہیں کرنا پڑیں۔

سینکڑوں پروازیں منسوخ، مسافروں کا شدید غصہ

جمعہ کے روز دہلی ایئرپورٹ نے اعلان کیا کہ انڈیگو کی تمام روانگی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جن کی تعداد زرائع کے مطابق 235 تھی، چنئی ایئرپورٹ نے بھی انڈیگو کی تمام روانہ ہونے والی پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئرلائن نے ممبئی میں 165، بنگلورو میں 102 اور حیدرآباد میں 92 پروازیں منسوخ کیں، دیگر بڑے ایئرپورٹس پر بھی شام 6 بجے تک انڈیگو کی پروازیں منسوخ رہیں۔

ملک بھر کے ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے مسافر عملے کے ساتھ تکرار کرتے نظر آئے، جب کہ متعدد مسافروں نے غصے کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا پر مشتعل مسافروں کی ویڈیوز کی بھرمار رہی، ایک ویڈیو میں بنگلورو ایئرپورٹ پر مسافروں کا گروپ نعرے لگا رہا تھا کہ ’ڈاؤن ود انڈیگو، ڈاؤن ود انڈیگو۔‘

ایک پوسٹ میں دکھایا گیا کہ دہلی ایئرپورٹ میں درجنوں بچے فرش پر بیٹھے ہیں، جس کا کیپشن تھا کہ بچے صبح 4 بجے سے اپنی انڈیگو فلائٹ کا انتظار کر رہے ہیں، بھوکے، تھکے ہوئے اور نیند سے نڈھال۔

نئے پائلٹ ڈیوٹی قوانین سے انڈیگو کو استثنیٰ

جمعے کو انڈیگو کے شیئرز تقریبا 3 فیصد گر گئے، جس کے بعد ہفتہ وار کمی 10.3 فیصد تک پہنچ گئی، بھارت کی مرکزی اپوزیشن پارٹی نے پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔

نئے پائلٹ ڈیوٹی قوانین کے مطابق پائلٹس اب ہفتے میں 6 کے مقابلے میں صرف رات کی 2 لینڈنگ کرسکیں گے۔

یہ شق انڈیگو کے لیے 10 فروری تک مؤخر کر دی گئی، ایئرلائن کو ان اصولوں سے بھی عارضی استثنیٰ ملا ہے جو رات کے وقت پرواز کرنے والے پائلٹس کے لیے ڈیوٹی گھنٹوں کی حد مقرر کرتے ہیں۔

انڈیگو نے کہا ہے کہ وہ 5 سے 15 دسمبر کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے تمام منسوخیوں اور بکنگ تبدیلیوں پر فیس ختم کرے گا،

علاوہ ازیں، ایئرلائن نے پھنسے ہوئے مسافروں کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ اور ہزاروں ہوٹل رومز کا بھی انتظام کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے