مشہور ٹیکنالاجی کمپنی کولر نے اس سال کے شروع میں ایک عجیب پروڈکٹ لانچ کیا جس کا نام ڈیکوڈا ہے۔ یہ ایک اسمارٹ کیمرہ تھا جو ٹوائلٹ کی دیوار پر لگایا جاتا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے مطابق مذکورہ کیمرہ ٹوائلٹ میں موجود مواد کی تصاویر لیتا ہے اور پھر ان کا تجزیہ کر کے استعمال کنندہ کو آنتوں کی صحت کے بارے میں مشورے دیتا ہے۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا تھا کہ مذکورہ کیمرا سینسر صرف ٹوائلٹ کے اندر دیکھتا ہے اور تمام ڈیٹا اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہوتا ہے تاکہ لوگوں کی پرائیویسی کے خدشات دور کیے جائیں۔
لیکن سیکیورٹی ریسرچر سائمن فونڈری ٹیٹلر نے اپنی بلاگ پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ کولر کا یہ دعویٰ غلط ہے۔
انہوں نے کمپنی کی پرائیویسی پالیسی کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ کولر دراصل ٹی ایل ایس انکرپشن کی بات کر رہا ہے جو انٹرنیٹ پر ڈیٹا کی منتقلی کے دوران تحفظ فراہم کرتی ہے، جیسے کہ ایچ ٹی ٹی پی ایس ویب سائٹس پر ہوتا ہے۔
سائمن نے واضح کیا کہ ’اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن‘ کا مطلب عام طور پر ایسی انکرپشن ہوتا ہے جو صرف بھیجنے والے اور وصول کنندہ کو ہی ڈیٹا تک رسائی دیتا ہے، جیسے آئی میسیج، سگنل یا واٹس ایپ میں سہولت موجود ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اس اصطلاح کا غلط استعمال لوگوں کو گمراہ کر سکتا ہے، خاص طور پر جب بات ٹوائلٹ کیمرہ جیسی حساس چیز کی ہو اور وہ سوچیں کہ کمپنی ان کی تصاویر تک رسائی نہیں رکھ سکتی۔
کولر کی پرائیویسی پالیسی میں لکھا ہے کہ استعمال کنندہ کے موبائل فون، ٹوائلٹ اٹیچمنٹ اور کمپنی کے سسٹمز پر ڈیٹا کو ریسٹ پر انکرپٹ کیا جاتا ہے۔
مزید برآں ڈیوائسز اور سرورز کے درمیان منتقلی کے دوران ڈیٹا کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ کہا گیا ہے لیکن یہ سرورز پر ڈی کریپٹ ہو جاتا ہے اور سروس فراہم کرنے کے لیے پروسیس کیا جاتا ہے۔
کمپنی کے پرائیویسی کانٹیکٹ نے سائمن کو بتایا کہ ڈیٹا انہی طریقوں سے محفوظ ہے لیکن ریسرچر کا کہنا ہے کہ چونکہ کولر اپنے سرورز پر ڈیٹا تک رسائی رکھ سکتا ہے، اس لیے یہ ممکن ہے کہ ٹوائلٹ کی تصاویر کو اے آئی ماڈلز ٹرین کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔
کولر نے جواب دیا کہ ان کے الگورتھم صرف غیر شناخت شدہ (ڈی آئیڈنٹیفائیڈ) ڈیٹا پر ٹرین کیے جاتے ہیں۔
یہ پروڈکٹ 599 ڈالر میں دستیاب ہے اور کم از کم 6.99 ڈالر ماہانہ سبسکرپشن لازمی ہے۔
