غزہ کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے مزید 15 فلسطینی شہدا کی لاشیں واپس کر دی ہیں۔
قطر کے خبر رساں ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزراتِ صحت نے ٹیلیگرام پر جاری بیان میں بتایا کہ اسرائیل نے گزشتہ روز بین الاقوامی کمیٹی آف ریڈ کراس کے ذریعے شہدا کی لاشیں واپس کیں، جس کے بعد موصول ہونے والی شہدا کی لاشوں کی مجموعی تعداد 330 ہوگئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے اب تک واپس کی گئی 330 لاشوں میں سے صرف 97 شہدا کی شناخت ممکن ہو سکی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں شدید بارشوں کے بعد بے گھر فلسطینی کے لیے قائم عارضی کیمپوں میں پانی بھرنے سے مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ساتھ ہی اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے پٹی میں امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں درپیش ہیں، جس کے باعث لاکھوں خاندان مناسب پناہ گاہوں سے محروم ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل کی غزہ پر بمباری و حملوں میں کم از کم 69 ہزار 187 فلسطینی شہید شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 703 شہری زخمی ہوچکے ہیں۔
