برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شرکت کی اور اپنے خطاب میں شاہ چارلس سوم کی عالمی سطح پر عوامی خدمت اور دولت مشترکہ ممالک کے درمیان روابط کو مستحکم کرنے میں ان کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں کہا کہ شاہ چارلس سوم عوامی خدمت اور عالمی شعور کی ایک روشن مثال ہیں۔ ان کی خدمات نے دولت مشترکہ کے ممالک کو یکجا کیا ہے اور عالمی امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کو عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے اور ہم نے اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی سطح پر بھرپور تعاون کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نژاد 20 لاکھ شہری برطانیہ میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلیم، صحت اور ہنر مندی کے شعبوں میں تاریخی تعاون جاری ہے، اور کئی اہم منصوبے اس تعاون کے تحت مکمل کیے گئے ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے شاہ چارلس سوم اور ملکہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہوگی اگر شاہی خاندان پاکستان کا دورہ کریں، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا شکریہ ادا کیا، جن کی کوششوں سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی برطانیہ کے لیے پروازوں کی بحالی ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے پاکستان اور برطانیہ کے عوام کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے، اور اس پر عوام برطانوی ہائی کمشنر کے شکرگزار ہیں۔
