حکومت بلوچستان نے صوبے کے تمام 36 اضلاع میں 10 سے 16 نومبر تک موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی، جبکہ نیشنل ہائی وے این-70 کے لورالائی سیکشن پر تمام ٹرانسپورٹ سروسز کی آمدورفت 14 نومبر تک معطل رہے گی۔
صوبائی محکمہ داخلہ نے بتایا کہ سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ہے اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر یہ سروسز معطل رہیں گی۔
حکام نے بتایا کہ صوبے کے تمام دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی، جبکہ کوئٹہ کو اس پابندی سے استثنیٰ ہوگا۔
تاہم، شہریوں نے شکایت کی کہ کوئٹہ کے کئی علاقوں میں سگنلز دستیاب نہیں اور انٹرنیٹ تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔
صوبائی حکومت نے سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کے باعث نیشنل ہائی وے این -70 کے لورالائی سیکشن پر تمام ٹرانسپورٹ سروسز بشمول ٹیکسیاں اور نجی گاڑیوں کی آمدورفت 14 نومبر 2025 تک عارضی طور پر معطل کر دی۔
تاہم، یہ پابندی مقامی یا شہر کے اندر سفر پر لاگو نہیں ہوگی، تاکہ شہری اپنی روزمرہ کی ضروریات کے لیے اپنے علاقوں میں آمدورفت کر سکیں۔
محکمہ داخلہ نے تمام ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں اور عوام کی سہولت کے لیے متبادل انتظامات کریں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ لورالائی روٹ پر کسی بھی سفر کی منصوبہ بندی سے پہلے سرکاری سفری ہدایات کی تصدیق کر لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔
دریں اثنا، آج کوئٹہ کے کینٹ ایریا میں تمام تعلیمی ادارے بند رہے، حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث 12 سے 16 نومبر تک اس علاقے کے اسکول اور کالجز بند رہیں گے، تاہم کوئٹہ کے کچھ سرکاری اسکول کھلے رہے۔
