بیہوشی کی حالت میں ہسپتال لائے گئے بولی وڈ اداکار گووندا کو پورا دن نگرانی میں رکھنے کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
گووندا کو 12 نومبر کی صبح بیہوشی کی حالت میں ممبئی کے نجی ہسپتال داخل کرایا گیا تھا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ان کے ٹیسٹس کیے گئے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق اداکار کی طبیعت 11 نومبر کو اس وقت خراب ہوئی جب وہ ہسپتال میں زیر علاج لیجنڈری اداکار دھرمیندر سے ملاقات کے لیے ہسپتال گئے تھے لیکن 12 نومبر کو ان کی حالت مزید خراب ہوئی اور گھر میں ہی گر گئے۔
اداکار کو ہنگامی بنیادوں ہر پستال لایا گیا تھا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ان کے ٹیسٹس بھی کیے گئے اور انہیں پورا دن نگرانی میں رکھا گیا۔
بعد ازاں گووندا کو ادویات اور کچھ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ڈسچارج کیا گیا اور انہوں نے ہسپتال سے نکلتے وقت میڈیا سے بھی گفتگو کی۔
گووندا نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ کام کرنے، تھکاوٹ ہونے اور ورزش نہ کرنے کی وجہ سے ان کی حالت خراب ہوئی لیکن خطرے کی کوئی بات نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں جتنی ادویات کی ضرورت تھی، ڈاکٹرز نے انہیں اتنی ہی ادویات دی ہیں اور اب اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں گے۔
انہوں نے مداحوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھیں، یوگا اور ورزش کیا کریں، بہت زیادہ کام نہ کریں اور دباؤ نہ لیں۔
