اداکارہ میرا نے باقی ساتھی اداکاروں کے برعکس صبا قمر کا ساتھ دینے کے بجائے ٹی وی میزبان نعیم حنیف کا ساتھ دیتے ہوئے انہیں بااصول صحافی قرار دے دیا۔
صبا قمر نے گزشتہ ہفتے نعیم حنیف کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے انہیں ایک ہفتے میں معافی مانگنے اور ان کے خلاف کیے گئے پروگرام کو یوٹیوب سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
صحافی نے اپنے یوٹیوب پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ صبا قمر 2003 اور 2004 میں لاہور میں ایک مرد کی جانب سے دیے گئے گھر میں رہتی تھیں اور ان سے شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن بعد میں ان کے درمیان اختلافات ہوگئے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ صبا قمر کو کوئی بھی شخص کسی بھی شہر میں گھر دے دے تو وہ وہاں رہنے کے لیے تیار ہو جاتی ہیں۔
ان کے ایسے بیان کے بعد صبا قمر نے انہیں نوٹس بھجوایا تھا، جس پر اب شوبز شخصیات نے ان کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا تھا اور ان کی تعریفیں بھی کی تھیں۔
تاہم دیگر شخصیات کے برعکس اداکارہ میرا نے صبا قمر کے بجائے نعیم حنیف کا ساتھ دیا اور اداکارہ کو خبردار کیا کہ صحافی سے قانونی لڑائی ان کا آخری کیس ہوگا۔
میرا نے انسٹاگرام پوسٹ میں نعیم حنیف کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نعیم حنیف پاکستانی میڈیا کی ایک معتبر شخصیت ہیں، جو بنیادی طور پر صحافی، سیاسی تجزیہ کار اور یونین کے رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ نعیم حنیف پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر بھی ہیں اور یہ کہ صبا قمر نے غلط شخص سے پنگا لیا ہے، نعیم حنیف اصول پرست شخص آدمی ہیں۔
میرا نے صبا قمر کے لیے پیغام لکھا کہ ان کے ڈرامے ’کیس نمبر 9‘ کے بعد نعیم حنیف کے ساتھ قانونی جنگ ان کا آخری کیس ہوگا۔
میرا کی جانب سے صبا قمر کے بجائے صحافی کا ساتھ دینے پر صارفین نے حیرانگی کا اظہار بھی کیا اور لکھا کہ میرا کا دماغی توازن درست نہیں۔
