اسلام آباد: گاڑی کی ٹکر سے 2 لڑکیوں کی ہلاکت کیس میں دونوں خاندانوں میں صلح، کیس ختم، ملزم ضمانت پررہا

اسلام آباد میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے اسکوٹی سوار دو لڑکیوں کی ہلاکت کے کیس میں دونوں خاندانوں نے صلح کرکے کیس ختم کردیا، جس کے بعد عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہائی دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق کیس میں نامزد ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت میں متاثرہ خاندانوں نے صلح کا بیان ریکارڈ کروایا اور ملزم کو معاف کرنے کا اعلان کیا، عدالت میں ایک متاثرہ لڑکی کے بھائی نے ذاتی طور پر بیان دیا اور والدہ کا بیان آن لائن ریکارڈ کیا گیا، جب کہ دوسری لڑکی کے والد نے بھی عدالت میں اپنا بیان جمع کروایا۔

جس کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرکے رہائی کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے سیکرٹریٹ پولیس اسٹیشن میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر ) کے مطابق حادثہ پیر (یکم دسمبر) کی رات پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی اے ) کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار سیاہ رنگ کی گاڑی نے پی این سی اے میں کام کرنے والی 2 لڑکیوں کو ٹکر ماری، گاڑی کو جج کا کم عمر بیٹا چلا رہا تھا۔

جاں بحق ہونے والی لڑکیاں اسکوٹی پر سوار تھیں، پولیس کے مطابق حادثے کے بعد گاڑی فورا موقع سے فرار ہو گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے