جانوروں کے حقوق پر بات کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ انسانی حقوق کی بات نہیں کرتی، ژالے سرحدی

معروف اداکارہ ژالے سرحدی نے جانوروں کے حقوق کی بات کرنے پر خود پر ہونے والی تنقید والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے جانوروں کی بات کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ انسانی حقوق کی بات نہیں کرتیں۔

ژالے سرحدی گزشتہ چند ماہ سے جانوروں اور پرندوں کے حقوق پر بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں اور انہوں نے اس ضمن میں متعدد پوسٹس اور ویڈیوز بھی شیئر کی تھیں۔

جانوروں اور پرندوں کے حقوق کی بات کرنے پر اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس پر اداکارہ نے اب ویڈیو جاری کردی۔

ژالے سرحدی نے تسلیم کیا کہ وہ آج کل جانوروں کے حقوق پر بہت بات کر رہی ہیں اور یہ کہ وہ اہم معاملہ، اس پر کیوں نہ وہ بات کریں۔

اداکارہ کے مطابق ان کی جانب سے جانوروں کے حقوق پر بات کرنے کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ وہ خواتین کے حقوق کی بات نہیں کرتیں یا نہیں کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے جانوروں پر بات کرنے کا یہ مطلب بھی نہیں کہ وہ بچوں پر ہونے والے تشدد پر بھی بات نہیں کرتیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہر مسئلہ اہمیت کا حامل ہے اور ہر مسئلے کو الگ الگ رکھنا اور سمجھنا چاہیے۔

ان کے مطابق کسی بھی مسئلے کو دوسرے مسئلے کے ساتھ نہیں جوڑا جانا چاہیے، اگر وہ اس وقت جانوروں کے حقوق پر بات کر رہی ہیں تو انہیں اسی موضوع پر بات کرنے دی جائے، اس میں دوسرے مسئلے کو شامل نہ کیا جائے۔

ژالے سرحدی کا کہنا تھا کہ جس طرح ویڈیو بناتے وقت ان پر روشنی پڑ رہی ہے، اسی طرح ایک وقت میں کسی ایک مسئلے پر بات کی جانی چاہیے تاکہ اس مسئلے پر روشنی پڑے اور مسئلے کی اہمیت سامنے آئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے