وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سرکاری گاڑیوں پر پارٹی جھنڈے لہرا کر اسلام آباد پر حملہ غیرآئینی ہے، ہم سب سے بہت غلطیاں ہوچکی ہیں، پاکستان چلے گا تو سیاسی جماعتیں سیاست کرسکیں گی۔
سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ہم سب سے بہت غلطیاں ہوچکی ہیں، وزیر اعظم نے بار بار مذاکرات کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دینے سے ایوان فتح نہیں ہوتے، یہ عوام کا مقدس کا ایوان ہے، سرکاری گاڑیوں پر پارٹی جھنڈے لہرا کر اسلام آباد پر حملہ غیرآئینی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گورنر راج آئین میں ہے یہ مارشل لا نہیں ہے، پاکستان چلے گا تو سیاسی جماعتیں سیاست کرسکیں گے، پاکستان چلے گا تو بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ اقتدار کی امید رہے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی رپورٹ کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک تکنیکی رپورٹ ہے، یہ رپورٹ 7 عناصر پر مشتمل ہے، رپورٹ کے لب لباب میں اداروں کی اصلاحات سے متعلق سفارشات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں ایسا کچھ نہیں کہ جس پر ہم کام نہ کررہے ہوں، آئی ایم ایف کی طرف سے 15 سفارشات آئی ہیں، اور یہ سفارشات ہماری ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈا میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیس ممالک میں ایسی رپورٹس آئی ہیں ، ہم ادارہ جاتی اصلاحات پر جارہے ہیں، آئی ایم ایف رپورٹ پر اٹھائے گئے تمام اقدامات سے ایوان کو اعتماد میں کیا جائے گا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹیکنیکل وزارت میں ماہرین کو لایا جانا چاہیے اور ملازمین کے معاوضے کو بھی دیکھا جانا چاہیے، احسن اقبال صاحب کی سربراہی میں سول سروسز ریفارمز کمیٹی میں یہ معاملہ رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ہاؤس تیار ہو چیئرمین ایف بی آر یہاں پر آکر آگاہی دیں، وزیراعظم پاکستان خود بھی ڈیجیٹلائزیشن پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایوان جب کہے گا ہم پریزنٹیشن دینے کو تیار ہیں۔
