روس کی یوکرین پر جاری حملوں میں تازہ کارروائی کے نتیجے میں 8 یوکرینی شہری ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے ہیں۔
روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رات بھر کے دوران 216 یوکرینی ڈرونز مار گرائے ہیں، جو یوکرین کی جانب سے روسی علاقے پر حملے کی کوشش کا حصہ تھے۔
آذربائیجان نے روسی سفیر کو طلب کرکے کیف میں اپنے سفارتخانے کو پہنچنے والے نقصان پر سخت احتجاج کیا۔
آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ سفارتی مشنز پر حملے ناقابل قبول ہیں اور یہ جان بوجھ کر کیے گئے لگتے ہیں۔ روس کے حملوں میں آذربائیجان کے سفارتخانے کی دیوار اور عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
آذربائیجان نے روس سے تحقیقات اور تفصیلی وضاحت کا مطالبہ کیا ہے، اور اس واقعے کو بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
جرمنی نے بھی روسی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی اقدار کی توہین اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
جرمن وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ روس کے حملے یوکرین میں انسانی حقوق کی کھلی پامالی ہیں اور ان کا مقصد سردیوں میں یوکرین کے لیے ناقابل برداشت حالات پیدا کرنا ہے۔
اس کے علاوہ روس نے نووورونیش جوہری پلانٹ کی جانب جانے والے 8 یوکرینی ڈرونز مار گرائے ہیں۔ روسی حکام نے دعویٰ کیا کہ یہ ڈرونز پلانٹ کو نقصان پہنچانے کے لیے بھیجے گئے تھے۔
