فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تاجک وزیر دفاع کی ملاقات، علاقائی استحکام کیلئے تعاون کو فروغ دینے کا عزم

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تاجک وزیر دفاع کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم کی تفصیلی ملاقات ہوئی،  جس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان عسکری اشتراک کار بالخصوص تربیت، انسداد دہشتگردی اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تاجک وزیر دفاع کرنل جنرل صابر زادہ امام علی عبدالرحیم اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور، آرمی چیف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں جانب سے موجودہ ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو بڑھانے کا عزم  سامنے آیا، بالخصوص تربیت، انسداد دہشت گردی اور علاقائی سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب تاجک وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور علاقائی استحکام اور امن کے فروغ میں ان کے کردار کا اعتراف کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاجکستان کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے