ایک منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یومیہ ایک کپ کافی پینے سے دل کی بے ترتیب دھڑکن بہتر ہوتی ہے اور اس سے ہائی بلڈ پریشر بھی کم ہوتا ہے۔
طبی ویب سائٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق دی امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی نئی تحقیق کے مطابق دل کی خطرناک بے ترتیبی ’ایٹریل فبریلیشن‘ (ای ایف بی) کے مریضوں کو اکثر ڈاکٹر کیفین سے پرہیز کی ہدایت دیتے ہیں مگر نئی تحقیق پرانی سوچ کو چیلنج کر رہی ہے۔
امریکی ماہرین کے مطابق روزانہ ایک کپ کیفین والی کافی پینا نہ صرف محفوظ ہے بلکہ ایٹریل فبریلیشن کی واپسی کا خطرہ بھی 39 فیصد تک کم کر سکتا ہے۔
یعنی یومیہ کافی کا ایک کپ پینے سے ان افراد کو فائدہ مل سکتا ہے، جنہیں دل کے بے ترتیب دھڑکن کا مسئلہ درپیش ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ پہلا طویل مدتی رینڈمائزڈ کلینیکل ٹرائل ہے جس میں کیفین والی کافی کے اثرات کو سائنسی طور پر جانچا گیا۔
تحقیق میں 200 مریضوں کو شامل کیا گیا، جو تمام دل کی بے ترتیب دھڑکن کے مسائل میں مبتلا تھے اور پہلے سے ہی کافی پینے والے تھے۔
ماہرین نے تحقیق میں شامل نصف افراد کو روزانہ کم از کم ایک کپ کیفین والی کافی پینے کی ہدایت کی جب کہ دوسرے گروپ کو مکمل طور پر کیفین سے پرہیز کرنے کا کہا گیا۔
رضاکاروں کو 6 مہینے تک نظر میں رکھا گیا، جس کے بعد نتائج نکالے گئے تو معلوم ہوا کہ یومیہ کیفین کی مقدار والی کافی پینے والے افراد میں دل کی بے ترتیب دھڑکن کا مسئلہ 39 فیصد بہتر ہوچکا تھا۔
ماہرین کے مطابق یومیہ کافی کا ایک کپ پینے سے ہائی بلڈ پریشر کم ہو سکتا ہے جب کہ کافی پینے کے بعد انسان متحرک بھی ہوجاتا ہے، اس وجہ سے بھی دل کی بے ترتیب دھڑکن بہتر ہوتی ہوگی۔
