معروف گلوکار سجاد علی نے کہا ہے کہ ان سمیت دیگر چند گلوکاروں کے گانوں کو گاکر ’پاکستان آئیڈل‘ کے شرکا مقابلہ جیت سکتے تھے لیکن وہ ایسے گانے نہیں گا پا رہے۔
’پاکستان آئیڈل‘ نامی میوزیکل شو کو ’جیو ٹی وی‘ پر نشر کیا جا رہا ہے اور اب تک اس کی تمام قسطوں کو پسند کیا جا رہا ہے اور نئے ابھرتے ہوئے گلوکاروں کی مقابلہ لینے کی ویڈیوز خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
پاکستان آئیڈل کے شو کو تقریبا ایک دہائی بعد دوبارہ شروع کیا گیا ہے، اس بار اس کا دوسرا سیزن پیش کیا جا رہا ہے جس میں بلال مقصود، فواد خان، راحت فتح علی خان اور زیبا بنگش ججز کے طور پر شریک ہیں۔
اسی شو کے شرکا مقابلوں کے دوران بہت سارے گلوکاروں کے گانوں کو نہیں گا رہے، شرکا سجاد علی کے گانوں کو بھی نہیں گا رہے جس پر اب گلوکار نے وضاحت دی ہے کہ ان کے گانوں کو کیوں میوزیکل شو میں نہیں گایا جا رہا ہے۔
سجاد علی سے ایک تقریب میں اس متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان آئیڈل‘ منتظمین کے پاس ان کے گانوں کے حقوق نہیں ہیں، جس وجہ سے ان کے گانے شو میں نہیں گائے جا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیکھنے والوں نے نوٹ کیا ہوگا کہ شو کے متعدد شرکا ایک ہی گانے کو بار بار گا رہے ہوتے ہیں، کیونکہ شو منتظمین کے پاس ان ہی گانوں کے رائٹس ہیں۔
گلوکار نے واضح کیا کہ ’پاکستان آئیڈل‘ منتظمین نے ان سے گانوں کے رائٹس سے متعلق رابطہ کیا تھا لیکن بجٹ کی وجہ سے ان کے معاملات طے نہیں ہو پائے۔
سجاد علی کے مطابق انہوں نے بہت ہی مشکل اور اہم دھنوں پر گانے تیار کر رکھے ہیں جب کہ ان سمیت دیگر چند گلوکاروں کے گانے ایسے ہیں، جنہیں پاکستان آئیڈل کے شرکا گاکر مقابلہ جیت سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان آئیڈل کے شرکا ان سمیت دیگر چند گلوکاروں کے گانے گاتے ہیں تو وہ مقابلہ جیت جائیں گے لیکن شو منتظمین کے پاس ان کے گانوں کے رائٹس نہیں ہیں۔
اگرچہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان سمیت دیگر چند گلوکاروں کے گانوں کو گاکر پاکستان آئیڈل کے شرکا مقابلہ جیت سکتے ہیں لیکن انہوں نے دوسرے گلوکاروں کے نام نہیں لیے۔
