قانون نافذ کرنا مقدس امانت ہے، مسلح افواج پولیس کے ساتھ کھڑی ہیں، فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل نے دہشتگردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے دوران پولیس کی قربانیوں کو سراہا
آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قانون نافذ کرنا مقدس امانت ہے، مسلح افواج پولیس کے ساتھ کھڑی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، سید عاصم منیر نے پولیس اکیڈمی کے افسران سے بھی ملاقات کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلاق چودھری بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل نے پہنچنے پر اکیڈمی کے کمانڈنٹ کی جانب سے گرم جوشی سے استقبال کیا اور پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
انہوں نے پولیس مارٹرز مونو منٹ پر پھول چڑھائے اور شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی، ان پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جو امن قائم رکھنے، قانون کی بالادستی یقینی بنانے اور عوام کی حفاظت میں اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں، فیلڈ مارشل نے دہشتگردی، جرائم اور داخلی سلامتی کے چیلنجز کے دوران پولیس کی قربانیوں کو سراہا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو اسکول برائے ہائی امپیکٹ ایلیٹ لاء اینفورسمنٹ ڈیولپمنٹ (SHIELD) اور پولیس کی استعداد بڑھانے اور جدید بنانے کے پروگرامز سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے کیڈٹ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ASPs) سے ملاقات کی اور پولیس کو شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ میں پہلی دفاعی لائن قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر 2025 کے ہیرو قرار
فیلڈ مارشل نے آئی جی پولیس، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر سینئر پولیس افسران سے خطاب میں بین الآرگنائزیشن تعاون، جدید پولیسنگ کے طریقہ کار اور عوام کے اعتماد کو بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، پیشہ ورانہ اور عوام دوست پولیس فورس داخلی سلامتی اور قانون کی بالادستی کیلئے ناگزیر ہے، قانون نافذ کرنا پولیس کا مقدس فریضہ ہے اور مسلح افواج ہمیشہ بہادر اور پرعزت پولیس اہلکاروں کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔
سینیئر پولیس قیادت نے جدید سلامتی چیلنجز کے مطابق پولیسنگ کے معیار کو مزید مضبوط کرنے، پیشہ ورانہ صلاحیت بڑھانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
