کراچی: اولڈ سٹی ایریا میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کا آغاز

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے اولڈ سٹی ایریا کی بحالی اور بہتری کے لیے 70 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے جن کا سنگ بنیاد اتوار کو میئر مرتضیٰ وہاب نے رکھا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق اس جامع منصوبے کا مقصد سڑکوں، سیوریج نظام اور عوامی سہولتوں کو بہتر بنانا ہے جس کی تکمیل کی تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے۔

میئر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ مرکزی منصوبہ جس میں جوڑیا بازار، بولٹن مارکیٹ، مٹھادر اور کھارادر شامل ہیں، 59 کروڑ 56 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تاریخی لی مارکیٹ کی عمارت کی بحالی کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جو مقامی تاجروں کے تعاون سے 90 دن میں مکمل کی جائے گی۔

انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے تحت چار لاکھ اسکوائر فٹ پےور بلاکس بچھائے جائیں گے اور آٹھ لاکھ 50 ہزار اسکوائر فٹ سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔

میئر کراچی نے یقین دہانی کرائی کہ جوڑیا بازار، بولٹن مارکیٹ، مٹھادر، کھارادر اور لی مارکیٹ کی عمارت کو بحال کیا جائے گا۔

منصوبے میں سیوریج نظام کی مکمل بہتری کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جس کے تحت چاروں بڑے تجارتی علاقوں میں نئی پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی۔

جوڑیا بازار میں 2 ہزار 600 فٹ سے زائد نئی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ بولٹن مارکیٹ میں چار ہزار فٹ سے زائد نئی پائپ لائنوں کے ذریعے نظام کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

اسی طرح مٹھادر اور کھارادر میں بالترتیب 4 ہزار 50 فٹ اور 4 ہزار ایک سو فٹ نئی سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ سڑکوں کی تعمیر اور پےور بلاکس بھی لگائے جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سال 2026 کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال قرار دیا گیا ہے اور اولڈ سٹی ایریا کو جدید شہری سہولتوں سے آراستہ کرنا کے ایم سی کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام کام شفاف طریقے سے کیا جائے گا اور بلدیاتی محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ نئی تعمیر شدہ سڑکوں کو دوبارہ کھودنے سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے شہری مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیاری میں نئی واٹر لائنوں پر کام جون تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے فور آگیومنٹیشن منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 71 ارب روپے کی لاگت سے پانی کی لائنیں بچھائی جائیں گی اور یہ عوام کا بنیادی حق اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا وژن ہے۔

پانی کی چوری کے تدارک کے لیے انہوں نے اعلان کیا کہ قانون سازی مکمل ہونے اور جج کی تقرری کے بعد واٹر ٹریبونل کو باضابطہ طور پر فعال کیا جا رہا ہے جو اس دیرینہ مسئلے کے حل میں مدد دے گا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے تصدیق کی کہ کے ایم سی رواں سال شہر بھر میں مجموعی طور پر 46 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کرے گی۔

انہوں نے جماعت اسلامی سمیت اپوزیشن جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ شہری مسائل کے حل میں سنجیدہ کردار ادا کریں اور سوال اٹھایا کہ فنڈز مختص ہونے کے باوجود ٹاؤن سطح پر سڑکیں کیوں تعمیر نہیں ہو رہیں۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، دیگر منتخب نمائندے اور علاقہ مکین شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے