ٹانک: پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول دھماکہ؛ ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید
دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس موبائل پر ریموٹ کنٹرول دھماکے میں ایس ایچ او تھانہ گومل سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
ٹانک میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں وانا روڈ پر تھانہ گومل کی پولیس موبائل (اے پی سی) کو ریموٹ کنٹرول دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ گومل سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ 3 اہلکار شدید زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایڈیشنل ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ دھماکے میں استعمال ہونے والے مواد اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
