سال 2025 میں کتنے پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے روانہ ہوئے؟ حیران کن اعداد و شمار

سال 2025 میں کتنے پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے روانہ ہوئے؟ حیران کن اعداد و شمار

ملک کے اندر ہنر مند افرادی قوت کی کمی مستقبل میں ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔

اسلام آباد: بیورو آف امیگریشن کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے روانہ ہوئے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے سال 2025 کے دوران بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کا تفصیلی ڈیٹا جاری کردیا ہے جس کے مطابق سال 2025 میں 7 لاکھ 62 ہزار 499 پاکستانی روزگار کی تلاش میں مختلف ممالک روانہ ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2024 میں بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 381 تھی جس کے مقابلے میں 2025 میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پیشہ ور افراد میں 3 ہزار 795 ڈاکٹرز، 5 ہزار 946 انجینیئرز، 5 ہزار 659 اکاؤنٹنٹ اور 10 ہزار 503 باورچی بیرونِ ملک ملازمت کے لیے گئے۔

اسی طرح 1 ہزار 640 نرسز، 1 ہزار 725 اساتذہ، 11 ہزار 777 مینجرز، 12 ہزار 703 ٹیکنیشنز، 6 ہزار 475 الیکٹریشن، 5 ہزار 700 مستری، 2 ہزار 306 پلمبرز اور 2 ہزار 27 ویٹرز نے بھی بیرونِ ملک روزگار اختیار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک لاکھ 63 ہزار 718 ڈرائیورز جب کہ 4 لاکھ 65 ہزار 138 مزدور مختلف ممالک میں ملازمت کے لیے گئے۔

مہارت کے لحاظ سے 18 ہزار 352 اعلیٰ تعلیم یافتہ، 13 ہزار 657 انتہائی ہنر مند، 2 لاکھ 22 ہزار 171 ہنر مند، 42 ہزار 257 نیم ہنر مند جب کہ 4 لاکھ 66 ہزار 62 غیر ہنر مند افراد بیرونِ ملک گئے۔

ملکی سطح پر سب سے زیادہ پاکستانی سعودی عرب گئے، جہاں 5 لاکھ 30 ہزار 256 افراد نے ملازمت اختیار کی۔ اس کے بعد 52 ہزار 664 متحدہ عرب امارات، 68 ہزار 376 قطر، 37 ہزار 726 بحرین اور 6 ہزار 590 کویت گئے۔

دیگر ممالک میں ایک ہزار پانچ افراد امریکہ، 4 ہزار 355 برطانیہ، 984 جرمنی، 813 اٹلی، 2 ہزار 230 چین، 2 ہزار 210 جاپان، 1 ہزار 109 رومینیا جب کہ 39  اکستانی جنوبی کوریا ملازمت کے لیے بھی گئے۔

واضح رہے کہ بیرونِ ملک روزگار کے رجحان میں مسلسل اضافہ ایک جانب زرمبادلہ کے لیے فائدہ مند ہے تاہم ملک کے اندر ہنر مند افرادی قوت کی کمی مستقبل میں ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے