صدرِ مملکت اور اسپیکر قومی اسمبلی کا برزل پاس حادثے کے شہداء کو خراجِ عقیدت
غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے برفانی تودے کے حادثے میں پاک فوج کے افسر اور جوانوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان اور مشین آپریٹر عیسیٰ کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی۔
صدر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی برزل پاس میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے شہداء کی پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور سخت موسمی حالات میں پاک فوج کا مشن قابلِ تحسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن اسمد کی قیادت میں برف ہٹانے کا آپریشن اعلیٰ پیشہ ورانہ عزم کی مثال ہے، جبکہ پاک فوج کے افسران اور جوان مادرِ وطن کے دفاع اور عوام کی خدمت کے لیے ہر محاذ پر سینہ سپر ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
