سمندر کی تہہ میں حیران کن دریافت: سائنسدانوں کو اینٹوں سے بنا راستہ مل گیا

سمندر کی تہہ میں حیران کن دریافت: سائنسدانوں کو اینٹوں سے بنا راستہ مل گیا

سائنسدانوں نے سمندر کی گہرائی میں ایک ایسی حیران کن ساخت دریافت کی ہے جس نے تحقیقاتی دنیا کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔

سائنسدانوں نے سمندر کی گہرائی میں ایک ایسی حیران کن ساخت دریافت کی ہے جس نے تحقیقاتی دنیا کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔

یہ دریافت ہوائی جزائر کے شمال میں واقع ایک گہرے سمندری پہاڑی سلسلے میں کی گئی، جہاں سمندر کی تہہ میں ایک خشک جھیل جیسی سطح دیکھی گئی جو پیلی اینٹوں سے بنے راستے سے مشابہ دکھائی دیتی ہے۔

یہ غیر معمولی منظر ایک تحقیقاتی مہم کے دوران سامنے آیا، جب ایک تحقیقاتی جہاز نے ایک محفوظ سمندری علاقے میں سروے کیا۔ یہ علاقہ دنیا کے سب سے بڑے محفوظ سمندری خطوں میں شمار ہوتا ہے جس کا بیشتر حصہ آج بھی انسان کی نظروں سے اوجھل ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق اب تک اس وسیع علاقے کی سمندری سطح کا صرف چند فیصد حصہ ہی دریافت کیا جاسکا ہے۔

تحقیق کے دوران سمندر کی سطح سے ہزاروں میٹر نیچے ایک پہاڑی چوٹی پر موجود سطح کو دیکھا گیا جو حیران کن طور پر خشک محسوس ہورہی تھی۔

ماہرین کے مطابق یہ دراصل آتش فشانی پتھروں کی ایک خاص قسم ہے جو شدید آتش فشانی سرگرمی کے نتیجے میں وجود میں آئی۔ ان پتھروں کی سطح اس طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی کہ وہ اینٹوں کی قطار جیسی دکھائی دینے لگی۔

تحقیقاتی ٹیم کے ارکان نے بتایا کہ اس سطح پر نوے درجے کے زاویے سے بننے والی دراڑیں دراصل بار بار گرم اور ٹھنڈا ہونے کے عمل کا نتیجہ ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ یہ قدرتی ساخت دیکھنے میں انسان کے بنائے گئے راستے سے مشابہ محسوس ہوتی ہے، حالانکہ اس کا تعلق کسی قدیم تہذیب سے نہیں بلکہ زمین کے قدرتی جغرافیائی عمل سے ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ زمین کا زیادہ تر حصہ سمندروں پر مشتمل ہے مگر انسان نے اب تک سمندر کی گہرائیوں کو بہت کم دیکھا ہے۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق کئی دہائیوں کی تحقیق کے باوجود سمندر کی گہرائی کا نہایت معمولی حصہ ہی انسانی آنکھوں کے سامنے آیا ہے۔

ماہرین کے نزدیک اس طرح کی دریافتیں نہ صرف زمین کی پوشیدہ ساخت کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ سمندر کی تہہ میں موجود زندگی اور قدیم پہاڑی نظام کے بارے میں بھی نئی معلومات فراہم کرتی ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ راستہ اگرچہ کسی خیالی دنیا کی جانب نہیں جاتا لیکن یہ ہمیں زمین کے ان رازوں تک ضرور لے جارہا ہے جنہیں جاننا انسان کے لیے بے حد ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے