ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام تک لائے ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم کا وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام تک لائے ہیں۔
وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو نئے سال کی مبارکباد پیش کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پی آئی اے کے 75 فیصد حصز کی نجکاری انتہائی کامیابی سے طے پانے پر اظہار اطمینان کیا۔
انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں آتے ہی عزم کیا تھا کہ خسارے کا شکار ریاستی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، پی آئی اے کی نجکاری اس حوالے سے انتہائی اہم سنگ میل ہے، ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کے معاشی اصلاحات کے ویژن کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ روا مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے جی ڈی پی میں خاطر خواہ اضافہ خوش آئند ہے، ہم ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام تک لائے ہیں۔
آخر میں وزیراعظم نے حالیہ دور کے دوران صدر یو اے ای سے ملاقات کو دو طرفہ تعلقات اور باہمی مشاورت کے تناظر میں انتہائی مفید قرار دیا اور گزشتہ روز سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر بھی کیا۔
