وزیر اعلیٰ کے پی کی لاہور آمد؛ یہ پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں، عظمیٰ بخاری
وزیر اعلیٰ کے پی لاہور آئیں، بتیاں دیکھیں، روٹی کھائیں، تصاویر بنوائیں، عظمیٰ بخاری
لاہور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی لاہور آمد کے موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا یورپ دیکھنے لاہور آئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے پی کو لاہور آمد پر خوش آمدید کہتی ہیں تاہم یہ دورہ سیکھنے اور دیکھنے تک محدود ہونا چاہیے، کسی قسم کی بدنظمی، انتشار یا بدزبانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گزشتہ مرتبہ جب علی امین گنڈاپور لاہور آئے تھے تو انہیں ’’لاہور کی بتیاں‘‘ دکھائی گئی تھیں، اس بار بھی وزیر اعلیٰ کے پی لاہور آئیں، بتیاں دیکھیں، روٹی کھائیں، تصاویر بنوائیں اور پنجاب میں نظر آنے والی بہتری کو خیبر پختونخوا میں جاکر لاگو کریں۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ آفریدی صاحب کو ان کی کابینہ نے خود بتایا ہے کہ پشاور بہت گندا ہے اور حالات خراب ہیں، اسی لیے وہ ’’پاکستان کا یورپ‘‘ دیکھنے لاہور آجاتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی کو دورے کے دوران کھانے پینے، تفریح، سیاسی یا معلوماتی مصروفیات کی مکمل اجازت ہے مگر کسی قسم کی بدتمیزی، فساد یا انتشار کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ اگر مہمان بدزبانی یا بدنظمی کریں گے تو پھر قانون حرکت میں آئے گا۔ بہتر یہی ہے کہ وہ خوشی خوشی ویک اینڈ گزار کر واپس جائیں اور اچھا سیکھ کر جائیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سہیل آفریدی، فتنہ خان سے بھی بڑے لیڈر نہیں اور جب بھی فتنہ خان کی جانب سے باہر نکلنے کی کال دی گئی، عوام نے اس کا جواب خود دیکھ لیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی لبرٹی مارکیٹ خوبصورت انداز میں سجی ہوئی ہے، کرسمس ٹری اور روشنیاں موجود ہیں مگر کسی سیاسی سرگرمی کی آڑ میں پودے تباہ کرنا یا ’’جنگلی لوگوں‘‘ کو ساتھ لانا ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پنجاب یا لاہور میں کسی بھی سیاسی سرگرمی کے نام پر اسلحہ یا منشیات لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق جب گنڈاپور پنجاب آئے تھے تو انہیں ہر طرح کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ لاہور پولیس نے آج وزیر اعلیٰ کے پی کے اسٹاف سے خود رابطہ کیا مگر وہاں سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔ پنجاب مہمانوں کی اچھی خاطر تواضع کرتا ہے لیکن مہمانوں کو بھی مہمان بن کر رہنا چاہیے۔
