لکی مروت؛ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، ایک شہری شہید

لکی مروت؛ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، ایک شہری شہید

دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے بنوں کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں فتنہ الخوارج کے خلاف لکی مروت پولیس، بنوں پولیس، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور مقامی امن کمیٹیوں نے مشترکہ اور کامیاب آپریشن کیا جس دوران 6 دہشت گرد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر یہ آپریشن کیا گیا جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں جھڑپ شروع ہوگئی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسحاق خان کے مطابق جھڑپ کے دوران اب تک 19 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ ایک شہری شہید ہوگیا۔ زخمیوں میں پانچ بچے، ایک خاتون اور تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔

دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں مزید علاج کے لیے بنوں کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بنوں ریجن پولیس کو کامیاب آپریشن پر خصوصی شاباش دی اور علاقائی امن و امان کے قیام کے لیے کی گئی کارروائیوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خارجی دہشت گردوں کے خلاف پوری قوت سے برسر پیکار ہے۔

آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور علاقے کو امن و امان کا گہوارہ بنا کر ہی دم لیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹیوں کے درمیان مؤثر تعاون کو کامیابی کی بڑی وجہ قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے