ٹک ٹاک نے پاکستان میں ڈھائی کروڑ نامناسب ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں دو کروڑ 55 لاکھ تک نامناسب اور کمیونٹی گائڈ لائنز کے خلاف ویڈیوز از خود ڈیلیٹ کردیں

ٹک ٹاک کی جانب سے جاری سہ ماہی کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کی دوسری سہ ماہی کے دوران پاکستان بھر سے 25,448,992 ویڈیوز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر حذف کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون 2025 کے درمیانی عرصے کے دوران پاکستان میں فعال انداز میں نامناسب کانٹینٹ ہٹانے کی شرح 99.7 فیصد رہی جبکہ حذف شدہ ویڈیوز میں سے 96.2 فیصد ویڈیوز اپلوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے ہی اندر ہٹائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ٹک ٹاک نے 2025 کی دوسری سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر 19 کروڑ کے قریب ویڈیوز ڈیلیٹ کیں جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے گئے کل کانٹینٹ کا تقریباً 0.7 فیصد بنتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حذف کی گئی ویڈیوز میں سے 163,962,241 ویڈیوز خودکار ٹیکنالوجیز کی نشاندہی پرحذف کی گئیں جبکہ 7,457,309 ویڈیوز مزید جائزے کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئیں۔

رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ عالمی سطح پر فعال انداز میں کانٹینٹ کو حذف کرنے کی شرح 99.1 فیصد رہی اور اور اُن میں 94.4 فیصد نشان زدہ کانٹینٹ کوپوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہی حذف کر دیا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹک ٹاک کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے رواں سال دوسری سہ ماہی میں پلیٹ فارم نے76,991,660 جعلی اکاؤنٹس حذف کیے اور مزید25,904,708 ایسے اکاؤنٹس بھی حذف کیےگئے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے تھے۔

ٹاک ٹاک کے مطابق عالمی سطح پر حذف کی گئیں ویڈیوز کا ایک بڑا حصہ یعنی 30.6 فیصد ایسے حساس یا بالغ کانٹینٹ پر مشتمل تھا جو ٹک ٹاک کی پالیسیوں کے مطابق نہیں تھا۔

اس کے علاوہ 14.0 فیصد ویڈیوز نے پلیٹ فارم کے حفاظتی اور شائستگی کے معیار کی خلاف ورزی کی جبکہ 6.1 فیصد ویڈیوز رازداری اور سیکیورٹی سے متعلق ہدایات کے برخلاف تھیں۔

مزید برآں حذف کی گئیں 45.0 فیصد ویڈیوز کو غلط معلومات کے طور پر رپورٹ کیا گیا تھا اور 23.8فیصد ویڈیوز ایڈیٹ کردہ میڈیا یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ کانٹینٹ پر مشتمل تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے