امریکا نے وینیزویلا کا تیل بردار ٹینکر قبضے میں لے لیا، ٹرمپ کی تصدیق

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ امریکا نے وینیزویلا کے ساحل کے قریب ایک تیل بردار ٹینکر اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

امریکی فورسز کی جانب سے کی گئی اس تازہ ترین کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

صدر ٹرمپ نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک ضبط کئے گئے تمام ٹینکروں میں یہ سب سے بڑا ٹینکر ہے۔

امریکی اٹارنی جنرل پم بانڈی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں مسلح اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر سے رسیوں کے ذریعے ٹینکر پر اترتے اور سرچ آپریشن کرتے دکھایا گیا ہے۔

بانڈی نے بتایا کہ ایف بی آئی، ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشن اور امریکی کوسٹ گارڈ نے وینیزویلا اور ایران سے ممنوعہ تیل لے جانے والے ٹینکر کے خلاف کارروائی کی۔

امریکی حکام کے مطابق ’’اسکیپر‘‘ نامی یہ جہاز بین الاقوامی پانیوں میں پکڑا گیا اور کارروائی کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ٹینکر وینیزویلا کا خام تیل لے کر کیوبا جا رہا تھا، جسے بعد ازاں ایشیا منتقل کیا جانا تھا۔

حکام نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ایسے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

وینیزویلا نے اس اقدام کو ’’بین الاقوامی قزاقی‘‘ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

حکومتی بیان کے مطابق امریکا کی اصل توجہ وینیزویلا کی قدرتی دولت بالخصوص تیل پر ہے، اور صورتحال کو تمام عالمی فورمز پر چیلنج کیا جائے گا۔

تاہم کیوبا کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

امریکا کئی ماہ سے وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو پر دباؤ بڑھانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں کیریبیئن میں فوجی تعیناتی، مبینہ منشیات بردار کشتیوں پر حملے اور مزید آپریشنز کی دھمکیاں شامل ہیں۔

امریکی کارروائیوں میں اب تک 87 افراد مارے جا چکے اور 23 مشتبہ کشتیاں تباہ کی جا چکی ہیں۔

ٹرمپ نے صحافیوں کے سوال پر ٹینکر کے مالک کے بارے میں کوئی معلومات دینے سے گریز کیا اور کہا کہ ٹینکر پر موجود تیل ہم رکھ لیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے