اداکارہ و میزبان فضا علی نے فلم ’نیلوفر‘ میں ماہرہ خان کے نابینا کردار کی اداکاری پر تنقید کی اور کہا کہ ہدایتکار نے ان سے کام صحیح طریقے سے نہیں کروایا۔
گزشتہ دنوں 29 نومبر کو ماہرہ خان اور فواد خان کی فلم ’نیلوفر‘ ریلیز ہوئی، جس میں فواد خان نے لکھاری کا کردار ادا کیا، جب کہ ماہرہ خان نے بصارت سے محروم لڑکی کا کردار نبھایا۔
’نیلوفر‘ کی کہانی اور ہدایتکاری امر رسول نے کی ہے، جب کہ پروڈیوسر کے فرائض اوصاف شارق نے انجام دیے ہیں، فواد خان اور حسن خالد ایگزیکٹو پروڈیوسرز کے طور پر فلم میں شامل ہیں۔
حال ہی میں فضا علی نے اپنے مارننگ پروگرام میں نابینا شخصیات کو مدعو کیا اور بات کرتے ہوئے کہا کہ نابینا افراد ہمیشہ سامنے کی طرف دیکھ کر بات نہیں کرتے بلکہ وہ آواز سے پہچان لیتے ہیں کہ آواز کہاں سے آ رہی ہے اور اسی طرف دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلموں میں یہ غلط دکھایا جاتا ہے کہ نابینا شخص کبھی بھی سامنے والوں کی طرف دیکھ کر بات نہیں کرتا۔
فضا علی نے فلم ’نیلوفر‘ کے حالیہ ٹریلر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک سین میں فواد خان ماہرہ خان کو کبوتر پکڑاتے ہیں، جس میں ماہرہ خان کے ہاتھ اور چہرہ دونوں مخالف سمت میں تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ فلم کے ہدایتکار نے ماہرہ خان سے کام صحیح طریقے سے نہیں کروایا، جب کہ نابینا افراد کی حرکات اور آواز کی پہچان کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔
