وزیر اعظم شہباز شریف نے مقامی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی ایک انقلابی قدم ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کسٹم ڈیوٹی اورتجارتی شعبہ میں دیگر اصلاحات پر قائم کردہ ذیلی ورکنگ گروپ کی سفارشات پر جائزہ اجلاس ہوا۔
بریفنگ ورکنگ گروپ میں بتایا گیا کہ برآمدات پر مبنی دیر پا معاشی ترقی ملک میں سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافے، حکومتی تحفظ اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات اور درآمدات کے شعبہ میں ماہرین کی طرف سے سفارشات اور اصلاحاتی تجاویز حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت و تجارت اور مقامی آبادی کے لیے صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کو کم کرنے کے لیۓ موثر اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی ایک انقلابی قدم ہے جو ملکی صنعتی پیداوار کو بڑھانے کے ساتھ مقامی اور عالمی منڈیوں میں کاروبار کو مسابقتی بناتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دوسرے ممالک کے ساتھ دو طرفہ اور راہداری (ٹرانزٹ) تجارتی مصنوعات کی بارڈر پر کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی کڑی نگرانی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کے لیے شعبہ جاتی مخصوص تجاویز اور مسائل کی نشاندہی نا گزیر ہے جب کہ دہائیوں سے معاشی و صنعتی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیۓ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو ریسرچ، ٹریننگ پر استعمال نہیں کیا گیا۔
