ظفر راجپوت چیف جسٹس سندھ، جسٹس کامران ملاخیل چیف جسٹس بلوچستان نامزد

اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں اور ترقیوں کے سلسلے میں کئی بڑے فیصلے کر لیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان اور چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مختلف عدالتی عہدوں پر ناموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

جسٹس میاں گل حسن مستقل جج سپریم کورٹ مقرر

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو سپریم کورٹ کا مستقل جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ سفارش وزارتِ قانون کے ذریعے صدرِ مملکت کو ارسال کر دی گئی ہے، جہاں سے منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین سینئر ججز کے ناموں پر بھی غور کیا گیا، جن کی سپریم کورٹ میں تعیناتی سے متعلق فیصلے آئندہ اجلاسوں میں متوقع ہیں۔

جسٹس کامران ملاخیل چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نامزد

جوڈیشل کمیشن کے ایک الگ اجلاس میں جسٹس کامران ملاخیل کو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق ان کے نام کی منظوری متفقہ طور پر دی گئی اور جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے کے لیے کمیشن کا خصوصی اجلاس بھی جاری رہا، جس میں پینل سے مختلف ناموں کا جائزہ لیا گیا۔

جسٹس ظفر راجپوت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نامزد

ذرائع کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس ظفر راجپوت کے نام کی منظوری بھی جوڈیشل کمیشن نے دے دی ہے۔

جسٹس ظفر راجپوت اس وقت قائمقام چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور اب انہیں مستقل طور پر اس عہدے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے تین سینئر ججز کے نام زیر غور آئے، جن میں جسٹس ظفر راجپوت کو سب سے موزوں امیدوار قرار دیا گیا۔

عدالتی ذرائع کے مطابق ان تقرریوں سے اعلیٰ عدلیہ کے انتظامی اور عدالتی امور میں تسلسل، شفافیت اور کارکردگی میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے