کراچی: نیپا پر کھلے گٹر میں گرنے والا بچہ نہ مل سکا، عوام نے احتجاجاً یونیورسٹی روڈ بند کردی

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب مین ہول میں گرنے والا بچہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود نہیں مل سکا، عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی روڈ بلا کردی، مشتعل افراد نے میڈیا اور پولیس پر حملہ کرتے ہوئے گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی کی رہائشی فیملی اتوار کی رات خریداری کے لیے گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب واقعہ شاپنگ سینٹر آئی تھی جہاں پر 3سال کا بچہ کھلے مین ہول میں گر گیا۔

بچے کے والد کا کہنا ہےکہ شاپنگ کرکے نکلے تو بیٹا ہاتھ چھڑا کربھاگا اور آنکھوں کے سامنے گٹر میں جاگرا، مین ہول پر ڈھکن نہیں تھا۔

واقعے کے بعد نیپا چورنگی پر شہریوں نے احتجاج شروع کردیا اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی، مشتعل افراد نے میڈیا اور پولیس پر بھی حملہ کیا، مظاہرین کے پتھراؤ سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

شرپسند عناصر کی جانب سے آپریشن میں خلل کے باعث ریسکیو اہلکاروں نے آپریشن روک دیا، مشتعل افراد نے نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک بند کردی، نیپا سےجامعہ کراچی اور گلشن چورنگی جانے والی سڑک بھی بند کردی گئی ہے۔

دریں اثنا، سندھ اور شہری حکومت نے نیپا واقعے کی تحقیقات شروع کردی، ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا کہ مین ہول کا ڈھکن غائب ہونے کی انکوائری جاری ہے،غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب، ڈپٹی میئر سلمان مراد نے نیپا واقعے کے بعد تمام ریسکیو اداروں کو الرٹ کردیا ہے اور بچے کو جلد از جلد تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے