جنوبی افریقہ کے اسٹار بیٹر فاف ڈوپلیسی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا حصہ بن گئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق جنوبی افریقی کھلاڑی نے بڑے فیصلے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا، جس میں انہوں نے لکھا کہ 14 سال آئی پی ایل کھیلنے کے بعد اب میں نے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں مزید لکھا کہ رواں برس میں نے ایک نئے چیلنج کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا اور اب پی ایس ایل سیزن 11 میں کھیلنا چاہتا ہوں۔
فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ یہ میرے لیے ایک دلچسپ قدم ہے، یہ نیا تجربہ کرنے اور ایک کھلاڑی کے طور پر آگے بڑھنے کا بھی موقع ہے۔
بیٹر نے مزید لکھا کہ مجھے ایک نئی لیگ کو قریب سے جاننے کا موقع ملے گا، پاکستان سپر لیگ بھرپور جذبے اور ٹیلنٹ سے بھری ہوئی ہے اور میں پاکستان کی روایتی مہمان نوازی اور پُرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے کا منتظر ہوں، آپ سے جلد ملاقات ہوگی۔
