مقبول اداکار فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب اور سابق اہلیہ علیزہ سلطان کے درمیان انسٹاگرام پر چپقلش ہوگئی، جس پر صارفین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزہ سلطان نے انسٹاگرام پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ ’برائے مہربانی سردیوں کے کپڑے اور یونیفارم بھجوا دیں‘۔
ان کی جانب سے انسٹاگرام کی پوسٹ پر کمنٹ کیے جانے کے بعد فیروز خان کی حالیہ اہلیہ ڈاکٹر زینب کو غصہ آگیا اور انہوں نے شوہر کی سابق بیوی کو کھری کھری سنادیں۔
ڈاکٹر زینب نے علیزہ سلطان کو جواب دیا کہ ایسی باتیں عام پلیٹ فارم پر اس طرح نہیں کی جاتیں اور یہ کہ وہ پہلے ہی فیروز خان کو اس طرح کے حربوں سے پریشان کر چکی ہیں، ان کی ذہنی صحت داؤ پر لگا چکی ہیں، اب انہیں مزید ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے علیزہ سلطان کو جواب دیا کہ وہ اپنے والد اور بھائی کے فون نمبرز استعمال کرکے فیروز خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کرنا بند کردیں، انہیں میسیجز بھیجنا بند کردیں، وہ پہلے ہی اداکار کو ذہنی طور پر پریشان کر چکی ہیں۔
ڈاکٹر زینب نے ایک اور کمنٹ میں علیزہ سلطان کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اب ان کا کوئی حق نہیں بنتا کہ وہ فیروز خان سے رابطہ کریں، انہیں پیغامات بھیجیں، انہیں پریشان کریں۔
انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے ذاتی مسائل بھی فیروز خان کو بتانا بند کریں، وہ اپنے ہارمونز کی تبدیلی کے مسائل کو خود حل کریں۔
ڈاکٹر زینب نے شوہر کی سابق اہلیہ کو تجویز دی کہ وہ شادی کرلیں، ان کے مسائل شادی سے ہی حل ہوں گے۔
فیروز خان کی اہلیہ نے شوہر کی سابق بیوی کو دھمکی بھی دی کہ اگر وہ باز نہ آئیں اور ایسے ہی عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسے کام کرتی رہیں تو وہ بھی عوام کے سامنے ان کا اصل چہرہ بے نقاب کردیں گی۔
خیال رہے کہ علیزہ سلطان اور فیروز خان کے درمیان 2022 میں طلاق ہوگئی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں جو اب والدہ کے ساتھ رہتے ہیں اور والد بچوں کے اخراجات برداشت کرتے ہیں۔
فیروز خان نے دوسری شادی ڈاکٹر زینب سے جون 2024 میں کی تھی اور دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن دونوں ہمیشہ ایسی خبروں کو مسترد کرتے رہے ہیں۔
