دوسرا ون ڈے: سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 289 رنز کا ہدف دے دیا

دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 289 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے، جنیتھ لیالانگے نے شاندار 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

کامیندو مینڈس 44 اور سدھیرا سمارا وکرما 42 رنز بنانے میں کامیاب رہے، وانندو ہاسارنگا نے 37 رنز کی عمدہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور حارث رؤف نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، وسیم جونیئر نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی فلو کے باعث اس میچ میں حصہ نہیں لے رہے اور ان کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں۔

سلمان علی آغا نے ٹاس کے موقع پر گفتگو میں بتایا کہ شاہین آفریدی کی جگہ فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کو آرام دینے کے بعد اسپنر ابرار احمد کو دوبارہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یہ مقابلہ پاکستان کے لیے دوسری مسلسل ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کا اہم موقع ہے، جو گزشتہ 48 گھنٹوں کی غیر یقینی صورتحال کے بعد ہو رہا ہے، ایسی صورتحال جس نے کرکٹ مقابلے کو پس منظر میں دھکیل دیا تھا۔

میچ دراصل جمعرات کو ہونا تھا، مگر منگل کو اسلام آباد میں دہشت گردانہ حملے کے باعث سری لنکن کیمپ میں تشویش پیدا ہوئی اور شیڈول متاثر ہوا۔

رپورٹس کے مطابق کچھ سری لنکن کھلاڑی ٹور چھوڑنے پر غور کر رہے تھے، تاہم پاکستان کے وزیر داخلہ اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سیکیورٹی حکام کے ساتھ طویل ملاقاتوں کے دوران سری لنکن وفد کو مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔

بدھ کی رات صورتحال بہتر ہوئی اور سری لنکا کرکٹ بورڈ نے سیریز جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

چند کھلاڑیوں کے وطن واپس جانے اور ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت کی افواہوں کو سری لنکن ٹیم کے منیجر نے فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ دورہ کرنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

اس یقین دہانی کے بعد مہمان ٹیم راولپنڈی میں مکمل قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی، تاکہ پہلے میچ میں معمولی مارجن سے شکست کے بعد سیریز برابر کی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے