پہلا ون ڈے: پاکستان کی دلچسپ مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست

پاکستان نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کر لی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا ٹیم پاکستان کے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز ہی بنا سکی، آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے وانندو ہاسارنگا نے شاندار 52 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا تاہم وہ لنکن ٹائیگرز کو جیت دلانے میں ناکام رہے۔

دیگر بیٹرز میں سدیرا سمارا ویکراما 39، کامل میشارا 38 اور پاتھم نیسانکا 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 61 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کے حصے میں 2،2 وکٹیں آئیں۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے، سلمان علی آغا کی ناقابل شکست سنچری، حسین طلعت کے 62 رنز اور محمد نواز کی 36 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کے باعث لنکن ٹائیگرز کو ایک اچھا ٹارگٹ دینے میں کامیاب رہی، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔

سلمان علی آغا نے 87 گیندوں پر شاندار 105 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، اس دوران انہوں نے 9 چوکے بھی لگائے۔

پاکستان کی 95 رنز پر 4 وکٹیں گر چکی تھی، اس دوران سلمان علی آغا اور حسین طلعت کے درمیان 138 رنز کی شاندار شراکت نے پاکستان کو مستحکم پوزیشن پر لا کھڑاکیا، بعد ازاں سلمان علی آغا اور محمد نواز نے 66 رنز کی مزید پارٹنر شپ لگا کر قومی ٹیم کے مجموعے کو 299 رنز تک پہنچایا۔

اوپنر صائم ایوب 14 کے مجموعی اسکور پر 6 رنز بنانے کے بعد فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

فخر زمان اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز بنائے، تاہم فخر زمان 68 کے مجموعی اسکور پر 32 رنز بنانے کے بعد ہسارنگا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔

محمد رضوان بھی 5 رنز بنانے کے بعد 76 کے مجموعی اسکور پر ہسارنگا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، بابر اعظم بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور 95 کے مجموعی اسکور پر 51 گیندوں پر 29 رنز بناکر ہسارنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا نے 3 جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور مہیش ٹھیکشانہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سری لنکن ٹیم پاتھم نسانکا، کمیل مشارا، کوسل مینڈس، سماراوکراما، چرِتھ اسالنکا، دیلشن لیانگے، کامندو مینڈس، ونانندو ہسارنگا، دُشمنتا چمیرا، مہیش تھیکشنا اور اسِتھا فرنینڈو پر مشتمل ہے۔

پاکستانی ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے