ترک وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ترکی کا فوجی سی 130 کارگو طیارہ جارجیا میں پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔ طیارہ آذربائیجان سے ترکی واپس جا رہا تھا جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
وزارتِ دفاع کی جانب سے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے، ہماری C-130 کارگو پرواز جو آذربائیجان سے ہمارے ملک کی طرف روانہ تھی جارجیا میں حادثے کا شکار ہو گئی ہے۔ جارجیائی حکام کے تعاون سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ترک حکام کے مطابق، حادثے کے مقام پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز ہو چکا ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
تاحال طیارے کے عملے کی حالت یا ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع جاری نہیں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق سی 130 طیارہ ترک فضائیہ کے بیڑے کا حصہ تھا اور معمول کی لاجسٹک پرواز پر مامور تھا۔
جارجیائی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ ترکی کے ساتھ مکمل تعاون کے تحت ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثے کے بعد ترکیہ کے دفاعی و عسکری حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
